فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اہم تجارتی مرکز بلیو ایریا میں واقع قدیم تہذیب بیکری کو غیر دستاویزی لین دین، ٹیکس چوری اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پر سیل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام نے بیکری آؤٹ لیٹ کا تفصیلی معائنہ کیا، جس کے دوران مالیاتی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ حکام کو معلوم ہوا کہ بیکری انتظامیہ کی جانب سے غیر تصدیق شدہ رسیدیں جاری کی جا رہی تھیں جبکہ ان کا ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم بھی وفاقی ادارے کے مرکزی نظام سے مطابقت نہیں رکھتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس چھاپہ مار کارروائی کا بنیادی مقصد کھانے پینے کے شعبے میں مالی شفافیت کو یقینی بنانا اور ہر مالی لین دین کو ڈیجیٹل نظام میں ریکارڈ کرنا ہے تاکہ قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
بلیو ایریا جیسے اہم کاروباری مرکز میں ہونے والی اس کارروائی نے تاجروں اور شہریوں میں تشویش اور تجسس کی لہر دوڑا دی ہے۔ ایف بی آر کی حالیہ سخت کارروائیوں کے بعد کاروباری حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت اب ریٹیل سیکٹر اور بڑے برانڈز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کسی قسم کی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔