وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف ماضی میں بھی اپوزیشن کو بات چیت کی پیشکش کرچکے ہیں، اب پی ٹی آئی کو بھی جمہوری طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔
مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے انہوں نے پی ٹی آئی کو بات چیت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے بھی اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرچکے ہیں۔
پی ٹی آئی کو مشورہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اب سمجھ لینا چاہیے کہ سیاست میں جمہوری طریقہ اپنایا جائے، سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات اور پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے آگے بڑھانا ملک کے مفاد میں ہے۔
پیٹرولیم قیمتوں میں کمی
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو محدود وسائل کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اس کے باوجود عوام پر مالی بوجھ کم کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے لانے کی کوشش جاری ہے۔
بھارتی پروپیگنڈا
وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان مخالف بیانیہ اور پروپیگنڈا شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزارت خارجہ کا جواب
رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کا وزارت خارجہ بھی بھرپور جواب دے چکا ہے، پاکستان اپنے مؤقف کا مؤثر انداز میں دفاع کر رہا ہے،انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ حکومت سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور جمہوری طریقہ کار کو ہی بہتر راستہ سمجھتی ہے۔