وفاقی حکومت نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور چارجنگ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے اہم پالیسی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کنکشن کے قوانین میں بڑی نرمی کی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق اب ایک ہی جگہ یا عمارت میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے لیے ایک سے زائد بجلی کنکشن حاصل کرنا ممکن ہوگا اس کے علاوہ اضافی ٹرانسفارمر نصب کر کے الگ کنکشن لینے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل ایک مقام پر صرف ایک ہی کنکشن دیا جاتا تھا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا اور چارجنگ اسٹیشنز کے نیٹ ورک کو تیزی سے وسعت دینا ہے تاکہ مستقبل کی ٹرانسپورٹ ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
نئی پالیسی کے تحت الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے لیے خصوصی اور نسبتاً سستا بجلی ٹیرف بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور صارفین دونوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ بجلی کنکشن صرف چارجنگ اسٹیشن کے لیے ہی استعمال کیا جا سکے گا۔ اگر کسی بھی صورت میں بجلی کو غیر متعلقہ مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تو کنکشن منقطع کر دیا جائے گا اور اضافی چارجز بھی وصول کیے جائیں گے۔
کنکشن کے حصول کے لیے مالکان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا جس میں یہ یقین دہانی کرائی جائے گی کہ بجلی صرف الیکٹرک وہیکل چارجنگ کے لیے استعمال ہوگی۔