امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور تہران اب مذاکرات اور کسی ممکنہ معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ایران ڈیل چاہتا ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے امکانات پہلے سے زیادہ بہتر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ اب جلد ختم ہونے والی ہے ۔
صدر ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران ایٹمی صلاحیت حاصل کرتا ہے تو یہ نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے، اسی لیے امریکا اس کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال اب اختتامی مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے اور جلد اس معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔ امریکا نے اپنی سکیورٹی پالیسیوں کو مضبوط بنایا ہے جس کے نتیجے میں ملک زیادہ محفوظ ہوگیا ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی پالیسیوں کے باعث امریکا میں معیشت تیزی سے بہتری کی طرف جا رہی ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کی وجہ سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔