لیگی ایم پی اے کی جانب سے اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ ہراساں کیے جانے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کسی صورت قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کو دھمکیاں دینا اور ان کا استحصال کرنا ناقابل قبول ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی خاتون کو ہراساں کرنے والے کو ہرگز معاف نہیں کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے خواتین کا استحصال کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔