کوئٹہ میں ہونے والے المناک بم دھماکے پر بنگلہ دیش کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے چیئرمین اور بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ہونے والے خوفناک بم حملے پر انتہائی رنجیدہ ہیں جس میں متعدد بے گناہ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔
طارق رحمان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام کی جانب سے وہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد جلد صحت یاب ہوں گے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے دہشت گردی اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی نہ صرف کسی ایک ملک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے اس لیے عالمی برادری کو مل کر ایسے واقعات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
طارق رحمان نےکہا کہ کہ معصوم انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے سانحات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور اتحاد ناگزیر ہے۔