مشرق وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پربرقرار

مشرق وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پربرقرار

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز پر حملوں اور سعودی عرب کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے آس پاس پہنچ گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آبنائے ہرمز اور سعودی توانائی انفراسٹرکچر پر حملوں نے خطے سے تیل کی سپلائی اور برآمدات متاثر ہونے کے خدشات کو مزید گہرا کر دیا ہے، عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے فیوچر سودے 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، تاہم ایک روز قبل اس میں تقریباً 2 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرول سستا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کا اعلان

دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد اضافے کے ساتھ 85.41 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ امریکا میں تھینکس گیونگ کی چھٹی کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کا باقاعدہ اختتام نہیں ہو سکا تھا۔

اے این زیڈ (ANZ) بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید نہ بھی بڑھے تو برینٹ خام تیل 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر سکتا ہے، بشرطیکہ مارکیٹ میں تیل کی فراہمی میں نمایاں کمی کے ٹھوس شواہد سامنے آئیں۔

رپورٹ کے مطابق مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کے بعد پہلی بار برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں ہفتہ وار اضافے کی راہ پر گامزن ہیں۔

 ماضی قریب میں قیمتوں کو دباؤ میں رکھنے کی ایک بڑی وجہ یہ توقع تھی کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف عسکری کارروائی میں شدت نہیں لائیں گے، تاہم حالیہ واقعات نے منظرنامہ بدل دیا ہے۔

editor

Related Articles