75 سالہ شخص اور 63 سالہ خاتون کی محبت نے بڑھاپے میں نئی مثال قائم کر دی

75 سالہ شخص اور 63 سالہ خاتون کی محبت نے بڑھاپے میں نئی مثال قائم کر دی

بھارت میں تنہائی اور بے سہارگی کا شکار2 بزرگوں نے اولڈ ایج ہوم میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر زندگی کی نئی شروعات کر دی۔ 75 سالہ کنہیا لال اور 63 سالہ سبینہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شادی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاسپور میں واقع اولڈ ایج ہوم ’’اپنا گھر‘‘ میں ہندو رسومات کے مطابق ہوئی۔ تقریب میں اولڈ ایج ہوم کے رہائشیوں، عملے اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں دونوں نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور مقدس آگ کے گرد سات پھیرے لیے۔ اس موقع پر خوشی اور جذبات سے بھرپور ماحول دیکھنے میں آیا۔

غار میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے کنہیا لال

اس شادی کے پیچھے ایک درد بھری کہانی بھی ہے۔ کنہیا لال کو 2022 میں ایک غار سے بازیاب کرایا گیا تھا۔ اہلیہ کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی تمام جائیداد بھائیوں کے نام کر دی تھی، جس کے بعد انہیں گھر سے نکال دیا گیا اور وہ غار میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔

دوسری جانب کولکتہ سے تعلق رکھنے والی سبینہ گھر سے بھٹک کر ہماچل پردیش پہنچ گئی تھیں۔ انہیں 2025 میں بلاسپور کے اولڈ ایج ہوم منتقل کیا گیا تھا۔

اولڈ ایج ہوم میں قیام کے دوران دونوں کے درمیان دوستی ہوئی، جو وقت کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔ بالآخر دونوں نے اپنی باقی زندگی ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ویڈیو گیم کی قیمت 3 کروڑ سے بھی زیادہ، آخر اس میں خاص کیا ہے

نئی زندگی کا آغاز

شادی کی تقریب میں ضلع بلاسپور کی ڈپٹی کمشنر کرن بھادانا بھی شریک ہوئیں۔ انہوں نے جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عمر بڑھنے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان خوشی اور رفاقت کی خواہش چھوڑ دے۔

شادی کے بعد کنہیا لال اور سبینہ ضلع سولن کے علاقے نالہ گڑھ میں واقع ایک دوسرے اولڈ ایج ہوم منتقل ہوجائیں گے، جہاں وہ اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کریں گے۔

editor

Related Articles