سپارکو نے کوٹلی ستیاں کے جنگلات میں حالیہ بھیانک آگ سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات جاری کر دیں

سپارکو نے کوٹلی ستیاں کے جنگلات میں حالیہ بھیانک آگ سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد: سپارکو کی جانب سے Space4Climate.gov.pk پر جاری کردہ سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق حالیہ شدید گرمی کی لہر کے دوران کوٹلی ستیاں کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

9 مئی سے 29 مئی 2026 تک حاصل کی گئی سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ 25 مختلف مقامات پر پھیلنے والی آگ کے نتیجے میں تقریباً 3,037 ہیکٹر (7,504 ایکڑ سے زائد) قدرتی جنگلات جل کر خاکستر ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپارکو نے چین کے اشتراک سے جدید چاند گاڑی تیار کرلی

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان چیڑ (Pine) کے جنگلات کو پہنچا ہے، جو دریائے سندھ اور دریائے جہلم کے اہم آبی ذخائر کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سانحے کے اثرات صرف جنگلات کے جلنے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس نے مقامی پرندوں اور جنگلی حیات کے افزائشِ نسل کے حساس موسم کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپارکو کا تاریخی کارنامہ، پاکستان کا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (EO-3) کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا

آگ نے نئے اگنے والے پودوں اور پنیریوں کو تباہ کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں آگ برداشت کرنے والی جڑی بوٹیوں اور جھاڑیوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جس سے مستقبل میں مزید جنگلاتی آگ کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

اگرچہ مقامی آبادی اور محکمہ جنگلات کے عملے نے متعدد مقامات پر آگ پر قابو پا لیا ہے، تاہم تیز اور گرم ہواؤں کے باعث بعض ملحقہ ڈھلوانوں پر آگ اب بھی پھیل رہی ہے، جس کے نتیجے میں مزید ماحولیاتی نقصان کا خدشہ برقرار ہے۔

editor

Related Articles