پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنی ذاتی موبائل سم کسی اور کے استعمال میں دینا قابل سزا جرم ہے اور اس کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیاں انجام دی جا سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سم کے استعمال کی مکمل ذمہ داری صارف کی ہے، اور اگر یہ سم کسی اور کے ہاتھ میں ہے تو فوری کارروائی ضروری ہے۔ شہری یہ جاننے کے لیے کہ ان کے شناختی کارڈ پر کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں، ویب سائٹ cnic.sims.pk وزٹ کر سکتے ہیں یا اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 668 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی نامعلوم یا غیر ضروری سم کو فوراً بلاک کروائیں، نئی سم ہمیشہ مستند فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کریں، اور مزید معلومات کے لیے اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں۔
اتھارٹی کا یہ اقدام شہریوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اور موبائل سروس کے استعمال کو شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے ہے۔