ہاؤسنگ اسکیموں میں فائلوں پر مبنی جائیدادوں کی خرید و فروخت پابندی عائد

ہاؤسنگ اسکیموں میں فائلوں پر مبنی جائیدادوں کی خرید و فروخت پابندی عائد

لاہور میں جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے تحت یکم جولائی سے مخصوص جائیدادوں کی ٹریڈنگ نہیں ہو سکے گی۔

لاہور میں کام کرنے والی تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں یکم جولائی سے فائلوں پر مبنی جائیدادوں کی خرید و فروخت نہیں ہو سکے گی۔ نجی اور عوامی دونوں منصوبوں میں پلاٹوں کی خرید و فروخت صرف پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے جاری کردہ پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس حوالے سے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ایل ڈی اے، کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں چیف میٹروپولیٹن پلانر، میٹروپولیٹن پلاننگ کے ڈائریکٹرز، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز، آباد، کے چیئرمین، نجی ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان اور نمائندوں کے علاوہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ، لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو پنجاب کے حکام نے شرکت کی۔

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے بتایا کہ نجی ہاؤسنگ اسکیموں کے ریکارڈ کو پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئر سے منسلک کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو 30 جون تک اپنا ریکارڈ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سافٹ ویئر پر مبنی ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ، پراپرٹی مقدمات سپیشل کورٹس سنیں گی، لاہور ہائیکورٹ

طاہر فاروق کے مطابق شہری یکم جولائی سے صرف ان پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے ذریعے پلاٹوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے عوامی آگہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سافٹ ویئر سسٹم میں منتقل ہونے والی اسکیموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ ایل ڈی اے کے دائرہ اختیار میں کام کرنے والی وہ اسکیمیں جو یہ سسٹم نہیں اپنائیں گی، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

طاہر فاروق نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں کو یونیفائیڈ سافٹ ویئر سسٹم کے تحت سب رجسٹرار جیسا اختیار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی مشترکہ طور پر نجی شعبے کو نئے نظام پر تربیت فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے 75 سالہ مضبوط و گہرے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، عطا تارڑ

ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق نجی اسکیمیں ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے گرین سرٹیفکیٹ اور رجسٹریشن خود جاری کر سکیں گی۔ ہر پراپرٹی سرٹیفکیٹ میں ایک کیو آر کوڈ شامل ہوگا، جس کے ذریعے متعلقہ پراپرٹی کی تمام معلومات ایک کلک میں حاصل کی جا سکیں گی۔

Related Articles