کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے،وزیر دفاع

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے،وزیر دفاع

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں جاری صورتحال اور احتجاجی ماحول پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسائل کو سیاسی گفت و شنید اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے،انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کشمیر کے مسئلے کو کمزور نہیں ہونے دے گی اور اس حوالے سے ریاستی مؤقف مضبوطی سے برقرار رکھا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود نظام کو چلانا اور آئینی اداروں کا احترام برقرار رکھنا ضروری ہے،ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں نے عدالتوں اور دیگر آئینی فورمز کا استعمال کیا، تاہم مجموعی نظام کو نقصان نہیں پہنچنے دیا گیا۔

وزیرِ دفاع نے اپنے خطاب میں مختلف سیاسی ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض جماعتوں نے پارلیمنٹ کے اندر رہتے ہوئے قانون سازی اور قومی معاملات میں فعال کردار ادا نہیں کیا، جس سے ادارہ جاتی عمل متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور اس کے احترام کو ہر صورت برقرار رکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ریاست مخالف ایجنڈا مسلح جتھوں سے نافذ کرنے کی کوشش پر پوری قوت سے قانون نافذ کیا جائے گا، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ کسی بھی فرد یا جماعت کو آئینی عمل سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا اور ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کی تاریخی حیثیت اور وہاں کے عوام کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہزاروں افراد نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا] ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا معاملہ صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کے قومی مفاد سے جڑا ہوا ہے۔

وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حساس اور دیرینہ تنازع ہے جسے جذبات یا طاقت کے بجائے مذاکرات اور سیاسی حکمت عملی کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مسئلے کو پرتشدد طریقے سے حل کرنے کے بجائے بات چیت اور جمہوری عمل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری تاریخ میں کشمیر کو ہمیشہ مرکزی اہمیت حاصل رہی ہے اور حکومت اس مسئلے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کے وژن کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی اہمیت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles