پنجابی فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ کے معروف اداکار و گلوکار گپی گریوال نے شہرت اور کامیابی سے پہلے کے مشکل دنوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی جدوجہد بھری زندگی کی داستان سنائی ہے۔
اپنی نئی فلم ’’کیری آن جٹا 4‘‘ کی ریلیز سے قبل بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے گپی گریوال نے بتایا کہ ان کا پہلا گانا کامیاب ہونے کے باوجود انہیں انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے طویل عرصے تک سخت محنت کرنا پڑی۔
گپی گریوال کے مطابق دوسری البم کی ریلیز تک وہ شدید مالی مشکلات کا شکار رہے اور اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک وقت میں تین سے چار ملازمتیں کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رات بھر کام کرنے کے بعد وہ صبح 4 بجے گھر پہنچتے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ اگلے دو گھنٹے تک اخبارات تقسیم کرتے تھے۔ ان کے بقول اس کے بعد وہ آرام کرتے جبکہ ان کی اہلیہ صبح سویرے ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں ملازمت کے لیے روانہ ہو جاتیں، جہاں وہ شام تک کام کرنے کے بعد بطور سیکیورٹی گارڈ بھی خدمات انجام دیتی تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے ایک شاپنگ مال میں صفائی کا کنٹریکٹ حاصل کر لیا، جہاں وہ اور ان کی اہلیہ روزانہ چند گھنٹے کام کرتے تھے۔ اس دوران ان کی اہلیہ فوڈ کورٹ سے استعمال شدہ ٹرے جمع کرتیں جبکہ مال کی صفائی کی ذمہ داری گپی گریوال خود نبھاتے تھے۔
گپی گریوال کا کہنا تھا کہ دیگر ملازمتوں کے مقابلے میں صفائی کے اس کام سے بہتر آمدنی ہوتی تھی، جس سے ان کے مالی حالات میں کچھ بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اس نوعیت کی ملازمتوں کو معمول کی بات سمجھا جاتا ہے، تاہم جنوبی ایشیا میں لوگ اکثر ایسے کاموں کو مختلف نظر سے دیکھتے ہیں۔اپنے مشکل دنوں کو یاد کرتے ہوئے گپی گریوال نے کہا کہ اخبارات تقسیم کرتے وقت وہ اور ان کی اہلیہ اس وقت کو ایک دوسرے کے ساتھ گزارے گئے قیمتی لمحات سمجھتے تھے اور اسی سوچ کے ساتھ تمام مشکلات کا سامنا کرتے رہے۔
اداکار کے مطابق اس تمام جدوجہد کے دوران ان کا ایک ہی مقصد تھا، سخت محنت کے ذریعے زندگی میں ایسا مقام حاصل کرنا جہاں وہ اپنی پسند کا کام بھی کر سکیں اور باعزت روزگار بھی کما سکیں۔