امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مشرق میں چند کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ اور دونوں مسافر اسرائیلی شہری تھے طیارہ مبینہ طور پر تربیتی پرواز پر تھا اور اسے ایک مقامی فلائٹ اسکول سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق طیارہ ریاست نیو جرسی کے علاقے اوشن سٹی سے روانہ ہوا تھا اور میری لینڈ کے مونٹگمری کاؤنٹی ایئرپارک کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے موصول ہوئی جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے کافی تلاش کے بعد طیارے کا ملبہ ایک جنگلاتی علاقے سے تلاش کیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں کوئی اور شخص زخمی نہیں ہوا جبکہ طیارے میں موجود تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک سنگل انجن پائپر پی اے 28 تھا تاہم حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران موسم پائلٹ کی صورتحال، تکنیکی خرابی اور دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ حادثے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔
امریکا ایران کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے بعد سامنے آنے والا یہ ایک تازہ چھوٹا طیارہ حادثہ ہے، تاہم دستیاب معلومات کے مطابق اس حادثے کا ایران امریکا جنگ یا جنگ بندی سے براہ راست کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ یہ ایک مقامی تربیتی پرواز کے دوران پیش آنے والا فضائی حادثہ بتایا جا رہا ہے۔
فضائی ماہرین کے مطابق چھوٹے تربیتی طیاروں کے حادثات میں عمومی طور پر پائلٹ کی تربیت، موسم، پرواز کے حالات اور تکنیکی عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کا تعین مکمل تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔