جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے زیر استعمال مفتی محمود مرکز پشاور کی اراضی، تعمیرات اور تجاوزات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر زیر بحث آگیا ہے۔ گزشتہ 26 برسوں کے دوران مرکز کی تعمیرات اور زیر استعمال رقبے میں نمایاں اضافے کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ مرکز کی قانونی حدود کیا ہیں اور کیا سرکاری یا عوامی اراضی جماعتی اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی ہے؟
پشاور رنگ روڈ پر قائم مفتی محمود مرکز کی تاریخی تصاویر اور ویڈیوز پر مبنی رپورٹ کے مطابق سال 2000 میں کھلی اراضی اور محدود تعمیرات پر مشتمل مقام رفتہ رفتہ ایک وسیع سیاسی، مذہبی اور تجارتی مرکز میں تبدیل ہوگیا۔
سال 2000 سے 2005 کے دوران مذکورہ مقام پر محدود تعمیرات موجود تھیں، جبکہ 2008 سے 2010 کے دوران سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور ملحقہ آبادیوں کے پھیلاؤ کا سلسلہ شروع ہوا۔
سال 2011 سے 2015 کے دوران مفتی محمود مرکز کی عمارت اور احاطے میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی تبدیلیاں ہوئیں اور زیر استعمال رقبے میں اضافہ ہوا۔ 2016 سے 2021 کے دوران تعمیرات کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا، جبکہ 2022 سے 2026 کے دوران ملحقہ تجارتی پلازوں اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ گزشتہ 26 برسوں کے دوران مفتی محمود مرکز کی تعمیرات اور زیر استعمال رقبے میں ہونے والے اضافے کا مکمل ریکارڈ سامنے لایا جائے اور واضح کیا جائے کہ مرکز کے زیر استعمال کتنی اراضی قانونی ملکیت ہے اور کتنی سرکاری زمین کی حدود میں آتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے مفتی محمود مرکز کی بعض تعمیرات کو رنگ روڈ کی 52 فٹ کی مخصوص حدود میں تجاوزات قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کیے۔ انتظامیہ کے مطابق سڑک کے لیے مختص سرکاری اراضی پر قائم حفاظتی احاطہ بھی تجاوزات کے زمرے میں آتا ہے۔
انتظامیہ کی نشاندہی کے مطابق مفتی محمود مرکز کی مرکزی عمارت کے بجائے اس کی سامنے والی دیوار، بیرونی احاطہ، لان اور پارکنگ تجاوزات کے خلاف کارروائی کی زد میں ہیں، جبکہ مرکز سے متصل سی این جی اسٹیشن کا تقریباً نصف حصہ بھی انتظامیہ کی حد بندی میں شامل بتایا گیا ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تجاوزات کے خلاف عام آدمی، غریب دکاندار اور ریڑھی والے کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو مفتی محمود مرکز کی نشاندہی شدہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوسکتی؟ قانون کا اطلاق بلاامتیاز کیا جائے اور قانونی طور پر ثابت ہونے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرکے سرکاری اراضی واگزار کرائی جائے۔
جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے چیف سیکرٹری سے ملاقات کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ مفتی محمود مرکز کے سامنے حفاظتی دیوار سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے تعمیر کی گئی تھی۔
اس مؤقف کے بعد سوالات اٹھ رہے ہیں کہ سرکاری اراضی کے استعمال کی اجازت عارضی تھی یا مستقل؟ کیا اس حوالے سے کوئی تحریری معاہدہ، این او سی یا باقاعدہ الاٹمنٹ موجود ہے؟ کیا حفاظتی مقاصد کے لیے دی گئی اجازت کے تحت مستقل تعمیرات، لان اور پارکنگ بھی قائم کی جاسکتی تھیں؟
عوام کا مطالبہ ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر سرکاری زمین کے استعمال سے متعلق تمام تحریری اجازت نامے، این او سی، منظور شدہ نقشے اور الاٹمنٹ کا ریکارڈ سامنے لایا جائے۔
پشاور میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران انتظامیہ نے 8 نومبر کو رنگ روڈ پر متعدد پٹرول پمپس اور تجارتی پلازوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں، جبکہ آزاد ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق مفتی محمود مرکز کے بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کردیے گئے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل الرحمان اپنے مؤقف کی وضاحت کے لیے مفتی محمود مرکز کی اراضی کی رجسٹری، انتقال، اصل منظور شدہ نقشے، تعمیراتی اجازت نامے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ این او سی عوام کے سامنے پیش کریں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا اپنا گھر بھی تجاوزات کی زد میں آتا ہے تو اسے مسمار کردیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مفتی محمود مرکز کی قانونی حیثیت کا فیصلہ متعلقہ انتظامیہ کرے گی۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ مفتی محمود مرکز کی تعمیرات، زمین کی خریداری، مبینہ غیر ملکی مالی معاونت، تعمیراتی اخراجات اور مکمل منی ٹریل بھی سامنے لائی جائے۔
شہریوں نے تجاوزات کے خلاف یکساں قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں، غریب دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے لیے جو قانون ہے، اس کا اطلاق سیاسی و مذہبی جماعتوں پر بھی ہونا چاہیے۔ مفتی محمود مرکز کے زیر استعمال اراضی کی قانونی حیثیت واضح کی جائے اور اگر سرکاری یا عوامی زمین پر تجاوزات ثابت ہوتی ہیں تو انہیں قانون کے مطابق ختم کرکے اراضی واگزار کرائی جائے۔