اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ، 24 گھنٹوں میں 43 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ، 24 گھنٹوں میں 43 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلاامتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے 43 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 پستول اور ایک کلاشنکوف معہ ایمونیشن برآمد کی گئی۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 ہزار 950 گرام آئس اور 2 ہزار 332 گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران 30 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر اطلاع دیں تاکہ عوام اور پولیس کے باہمی تعاون سے جرائم کی روک تھام اور شہر کو محفوظ بنانے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جاسکیں۔

Related Articles