وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ و طالبات میں الیکٹرک اسکوٹیز کی تقسیم 15 دسمبر 2026 سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اسکیم کے تحت طالبات کو گلابی جبکہ طلبہ کو سیاہ رنگ کی اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 27 نومبر کو یونیورسٹی آف چکوال کے دورے کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دوسروں پر انحصار کیے بغیر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں تک باآسانی سفر کرسکیں۔
پنجاب ای بائیک اسکیم کے تحت صوبے بھر کے طلبہ و طالبات میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسکیم کے دوسرے مرحلے کے لیے 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد مکمل درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جس کے باعث انتخابی عمل میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔
اسکیم کے تحت منتخب طلبہ کو الیکٹرک بائیکس بلاسود اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔ طلبہ کو کوئی پیشگی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی جبکہ ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے ہوگی۔
پنجاب حکومت فنانسنگ پر مارک اپ اور انشورنس کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینے کے لیے منتخب طلبہ کو ہیلمٹ اور اسکوٹی چلانے کی مفت تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
حکومت نے اس سے قبل نومبر 2026 میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم شیڈول میں تاخیر کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے 15 دسمبر کی نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب درخواستیں جمع کرانے والے طلبہ قرعہ اندازی کے طریقہ کار اور الیکٹرک بائیکس کی تقسیم سے متعلق مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔