قومی احتساب بیورو (نیب) کی دستاویزات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان، ان کے اہل خانہ اور مبینہ فرنٹ مینز سے منسوب ہزاروں کنال زرعی اراضی، قیمتی بنگلوں، رہائشی و تجارتی جائیدادوں اور بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات درج ہیں، جن کی خریداری، ذرائع آمدن اور ملکیت کے حوالے سے عوام نے مکمل ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیب کی دستاویزات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں مبینہ فرنٹ مینز کے نام 17 ہزار 192 کنال سے زائد اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ریکارڈ میں حاجی جلال خان وزیر کے نام 714 کنال سے زائد، گل اصغر وزیر کے نام 16 ہزار 257 کنال جبکہ ایک اور شخص سے منسوب 221 کنال اراضی اور دو بنگلوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بنگلے فضل الرحمان کے بھائی لطف الرحمان کے زیر استعمال تھے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ہزاروں کنال اراضی کی خریداری کے لیے استعمال ہونے والے سرمائے، موجودہ مالکان، ملکیتی دستاویزات، مالی ریکارڈ اور مکمل منی ٹریل عوام کے سامنے لائی جائے، تاکہ ان جائیدادوں کی حقیقی ملکیت اور خریداری کے ذرائع واضح ہو سکیں۔
تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں مبینہ فرنٹ مینز کے نام 68 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی تین ہزار 640 کنال اراضی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ان جائیدادوں میں گاؤں ہمت، بابر کچا، رمک، شیخ راجا، گڑھی رحمان، یارق، غلام کھوئی اور موضع مریالی میں واقع زرعی و تجارتی اراضی شامل بتائی گئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان جائیدادوں کی خریداری کی تاریخوں، ادا کی گئی رقوم، سرمایہ فراہم کرنے والے افراد اور موجودہ ملکیت سے متعلق تمام دستاویزات منظرعام پر لائی جائیں۔
نیب کی 2018 کی دستاویزات اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی رپورٹ کے مطابق فضل الرحمان کے نام عبدل خیل پہاڑ پور میں 15 لاکھ روپے مالیت کا مکان، شور کوٹ میں 25 لاکھ روپے مالیت کا مکان اور اس سے ملحقہ سات لاکھ روپے مالیت کا پانچ کنال پلاٹ درج تھا، جس پر مزید دو مکانات تعمیر کیے گئے تھے۔ شور کوٹ میں 47 کنال چار مرلہ اراضی بھی ان کے نام ریکارڈ کا حصہ تھی۔
دستاویزات میں فضل الرحمان پر بنوں روڈ پر اپنے بھائیوں کے لیے بنگلے تعمیر کرانے، شوگر مل حاصل کرنے، 300 کنال زرعی اراضی خریدنے اور موضع رتہ کلاچی میں سرکاری زرعی زمین مبینہ طور پر اپنے نام منتقل کرانے کے الزامات بھی درج ہیں۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ ان مکانات، بنگلوں، شوگر مل اور زرعی اراضی کی خریداری و تعمیر پر آنے والے اخراجات، ذرائع آمدن اور مالی لین دین کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
نیب رپورٹ میں فضل الرحمان سے منسوب دیگر جائیدادوں میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں بنگلہ، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں فلیٹس اور دکانیں جبکہ دبئی میں ایک فلیٹ بھی شامل بتایا گیا ہے۔ پنیالہ، عبدل خیل اور شور کوٹ میں مکانات، مدارس اور زرعی اراضی کی تفصیلات بھی دستاویزات کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق سینیٹر غلام علی اور ان کے بیٹے فیاض علی، جو فضل الرحمان کے داماد ہیں، کے ذریعے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں تین ارب روپے کی زمین خرید کر بعدازاں بھاری منافع پر فروخت کی گئی۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے اسلام آباد اور دبئی تک پھیلی ان مبینہ جائیدادوں کی خرید و فروخت کا ریکارڈ، سرمایہ کاری کے ذرائع، حاصل ہونے والے منافع اور بیرون ملک رقوم کی منتقلی سے متعلق منی ٹریل بھی سامنے لائی جائے۔
اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق دستاویزات میں فضل الرحمان کے بھائی لطف الرحمان کے نام تین کنال سات مرلہ اور عطا الرحمان کے نام 13 مرلہ زمین درج ہے، جبکہ 2013 کے ریکارڈ میں لطف الرحمان کے نام 60 لاکھ روپے سے زائد تخمینہ مالیت کی درآمد شدہ لینڈ کروزر پراڈو کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فضل الرحمان کے 2017 کے الیکشن کمیشن گوشواروں کے حوالے سے نو لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیورات، 60 ہزار روپے کا فرنیچر اور الائیڈ بینک کے ایک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ 50 ہزار 312 روپے درج ہونے کا ذکر ہے۔
سرکاری اراضی کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق نیب دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2006 میں رکھ زنڈانی میں چار ہزار کنال زرعی زمین الاٹ کی گئی، تاہم 2007 میں یہ الاٹمنٹ منسوخ ہوگئی۔ اسی طرح 2006 میں رکھ کیپٹن کرنل شیر خان شہید میں 1200 کنال اراضی کی الاٹمنٹ کا بھی ذکر ہے، جو رپورٹ کے مطابق نیب انکوائری کے باعث محکمہ زراعت کی تحویل میں رہی۔
رپورٹ کے مطابق 2011 میں محکمہ جنگلات کی 600 کنال اراضی، جس کی مارکیٹ ویلیو 45 ہزار روپے فی کنال بتائی گئی، ماڈل فارمز کے نام محض 375 روپے فی کنال کے حساب سے الاٹ کی گئی۔ دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیب کارروائی کے خدشے کے باعث یہ زمین 2012 سے 2014 کے درمیان واپس کردی گئی۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ کے احکامات، الاٹمنٹ حاصل کرنے والے افراد، مقررہ قیمتوں، ادائیگیوں اور بعدازاں زمینوں کی واپسی یا الاٹمنٹ کی منسوخی سے متعلق تمام سرکاری دستاویزات بھی عوام کے سامنے پیش کی جائیں۔
نیب دستاویزات کے مطابق یہ معاملہ مختلف بورڈ اجلاسوں میں زیر غور رہنے کے بعد 23 جولائی 2020 کو باقاعدہ انکوائری کے لیے نیب ہیڈکوارٹرز بھجوانے کی تجویز پیش کی گئی۔ مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر مزید چھان بین کے دوران اضافی مبینہ بے نامی اثاثوں کی نشاندہی بھی کی گئی، جس کے بعد نیب کی شکایت کنندہ کمیٹی نے باقاعدہ انکوائری کی منظوری دینے کی سفارش کی۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ فضل الرحمان اپنے، اہل خانہ اور ان سے منسوب مبینہ فرنٹ مینز کے اثاثوں سے متعلق مکمل وضاحت پیش کریں اور جائیدادوں کی خریداری، ذرائع آمدن، مالی ریکارڈ، ملکیتی دستاویزات اور منی ٹریل عوام کے سامنے رکھیں، تاکہ ان اثاثوں کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جواب مل سکے۔
