دبئی میں رہائش اختیار کرنا اب ہوا آسان ، حکومت نے ملک میں رہنے والے کرایہ داروں کے لیے ایک اہم اور نئی سہولت متعارف کروا دی گئی ہے۔
حکومتی سطح پر شروع کی جانے والی “فلیکسی رینٹ اسکیم” کے تحت اب کرایہ دار سالانہ کرایہ ایک ساتھ ادا کرنے کے بجائے اسے آسان ماہانہ اقساط میں ادا کر سکیں گے، جس سے بڑے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
اس منصوبے کا مقصد رہائشیوں کے لیے کرایہ کی ادائیگی کے عمل کو زیادہ سہل اور قابلِ برداشت بنانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اسکیم دبئی کی 12 بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس سے شہر میں رہنے والے ہزاروں کرایہ دار براہ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کرایہ داروں کو مالی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی اور وہ اپنی آمدن کے مطابق ادائیگی بہتر انداز میں کر سکیں گے۔
سرکاری وضاحت کے مطابق اس نئی اسکیم میں کرائے کی مجموعی رقم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بلکہ صرف ادائیگی کے طریقہ کار کو جدید اور آسان بنایا گیا ہے ، جس سے اب کرایہ دار اپنی سہولت کے مطابق ماہانہ اقساط، ایک یا دو چیک، یا بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس نظام کے تحت بعض کرایہ داروں کو اضافی سہولتیں بھی دی جا سکتی ہیں، جن میں رعایتی مدت، سالانہ کرائے میں اضافے سے عارضی استثنی اور باؤنس چیک فیس کا خاتمہ شامل ہو سکتا ہے، تاہم یہ تمام سہولتیں متعلقہ مالک مکان یا پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی کی پالیسی پر منحصر ہوں گی۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فلیکسی رینٹ اسکیم صرف نئے معاہدوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ پہلے سے رہائش پذیر کرایہ دار بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، ایسے افراد جو پہلے سالانہ یا مختلف چیکوں کے ذریعے کرایہ ادا کر رہے ہیں، وہ اپنے مالک مکان یا مینجمنٹ کمپنی سے رابطہ کرکے اس نئے ادائیگی نظام میں شامل ہو سکتے ہیں۔