جیل اصلاحات کیلئے تاریخی پیش رفت، چاروں وزرائے اعلیٰ نے ’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ پر دستخط کر دئیے

جیل اصلاحات کیلئے تاریخی پیش رفت، چاروں وزرائے اعلیٰ نے ’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ پر دستخط کر دئیے

اسلام آباد میں جیل اصلاحات سے متعلق منعقدہ قومی کانفرنس میں ملک کے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ پر دستخط کرتے ہوئے جیلوں کے نظام میں جامع اور دیرپا اصلاحات کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قیدیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، انصاف کے عمل کو مؤثر بنانے اور جیلوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

کانفرنس کے دوران جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے حل کے لیے عملی حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے ضمانت، مشروط رہائی، نگرانی کے تحت رہائی اور غیر حراستی متبادل نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ معمولی نوعیت کے مقدمات میں گرفتار افراد کو غیر ضروری طور پر جیلوں میں رکھنے سے بچایا جا سکے۔

اعلامیے میں جیلوں کے اندر صحت کی سہولیات، ذہنی صحت کی نگہداشت، معیاری غذا، صفائی اور بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ قیدیوں کے لیے تعلیم، فنی تربیت، منشیات سے نجات کے مراکز اور رہائی کے بعد معاشرے میں دوبارہ باوقار زندگی گزارنے کے لیے بحالی کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو جیل اصلاحات ایجنڈا کی خصوصی ہدایات جاری

کانفرنس میں جیل اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے ہر صوبے میں واضح مدت، ضروری وسائل کی فراہمی اور نگرانی کا مضبوط نظام قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ فوجداری نظام سے وابستہ تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

چاروں وزرائے اعلیٰ نے خواتین، بچوں، خصوصی افراد اور ذہنی امراض میں مبتلا قیدیوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جیلوں میں تشدد، بدسلوکی اور غیر انسانی سلوک کے مکمل خاتمے پر زور دیتے ہوئے شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے مضبوط نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا جیل اصلاحات کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا اعلان

قومی کانفرنس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ جیل اصلاحات صرف انتظامی ضرورت نہیں بلکہ آئینی ذمہ داری، انسانی وقار اور عوامی تحفظ کا تقاضا ہیں۔ شرکاء نے ملک بھر میں جیلوں کے نظام کو جدید، شفاف اور اصلاحی خطوط پر استوار کرنے کے لیے مشترکہ قومی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

editor

Related Articles