وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے خاتون کو بچانے کی کوشش کے دوران پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آبادسے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیرِ داخلہ نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک خاتون کی حفاظت کی کوشش کی، جو غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور انسان دوستی کی روشن مثال ہے۔
محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی شخص بالاتر نہیں اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید افسر کے اہلِ خانہ کو انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومت اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے محافظ نہ صرف ملکی دفاع میں بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بھی ہر لمحہ قربانی کا جذبہ رکھتے ہیں، اور گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت اس جذبے کی عملی مثال ہے۔
واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ایک خاتون کو بچانے کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے اور جامِ شہادت نوش کر گئے، اس واقعے پرمختلف حلقوں کی جانب سے شہید افسر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔