امریکی فوج نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق یہ کارروائی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین تجارتی جہازوں پر مبینہ ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں شہری تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی “بھاری قیمت” ادا کرنا ہوگی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران کی کارروائی غیر ضروری، خطرناک اور جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی تھی، جس کے بعد جوابی فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوبی ایران کے مختلف علاقوں، جن میں جزیرہ سیریک، جزیرہ قشم اور بندرعباس شامل ہیں، میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا کہ سیریک کے علاقے تہروئی گاؤں کے قریب کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔