“فیفا ورلڈ کپ 2026 پہلے سے فکس ” ارجنٹینا کے خلاف متنازع ریفری فیصلوں پر مصری کھلاڑی برہم

“فیفا ورلڈ کپ 2026 پہلے سے فکس ” ارجنٹینا کے خلاف متنازع ریفری فیصلوں پر مصری کھلاڑی برہم

 فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں 3-2 کی شکست کے بعد مصری کھلاڑیوں اور ٹیم کے ہیڈ کوچ نے ریفری کے متعدد فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں متنازع قرار دیا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول وی اے آر کے جائزے کے بعد ایک مبینہ فاؤل کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا جس پر مصری کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے سخت احتجاج کیا۔

آخری لمحات میں مصر کے کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے ایک کھلاڑی کے درمیان ہونے والے تصادم پر ریفری کی جانب سے فاؤل نہ دیے جانے کے فیصلے پر بھی مصری ٹیم نے اعتراض کیا۔ اسی طرح ایک اور موقع پر پنالٹی نہ ملنے پر بھی سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے ریفری کے فیصلوں پر تنقید کی گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈکپ 2026 ، مصر اور بیلجیئم کا میچ 1-1 گول سے برابر

میچ کے دوران مسلسل احتجاج پر مصری ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن کو ریفری نے یلو کارڈ بھی دکھایا۔ارجنٹینا نے دوسرے ہاف میں تین گول کرتے ہوئے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میچ کے بعد مصر کے کھلاڑی مصطفیٰ زکو نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، “ارجنٹینا کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک ہو ٹورنامنٹ پہلے ہی فکس تھا، انہیں اس کے لیے مزید کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔” انہوں نے ریفری پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں “بے ایمان” قرار دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ : انگلینڈ، فرانس اور میزبان میکسیکو کی پری کوارٹر فائنل میں رسائی

دوسری جانب مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے بھی ریفری کے فیصلوں پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا، “نتیجہ کچھ بھی ہوتا، میں یہی کہتا۔ میرے خیال میں یہ میچ فکس تھا اور پوری دنیا نے یہ دیکھا۔ اگر ارجنٹینا کو ہی جتوانا تھا تو پھر باقی ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں بلانے کی کیا ضرورت تھی؟”

تاحال فیفا یا میچ آفیشلز کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ریفری کے بعض فیصلوں پر بحث اور تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

editor

Related Articles