دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن کیسا ہے؟ چین کا نیا عالمی ریکارڈ

دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن کیسا ہے؟ چین کا نیا عالمی ریکارڈ

چین نے ایک اور انجینیئرنگ کارنامہ انجام دیتے ہوئے صرف 38 ماہ میں دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن تعمیر کر لیا۔ چونگ چِنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن بن گیا ہے، جس کی تعمیر میں ہزاروں کارکنوں اور جدید روبوٹک مشینری نے حصہ لیا۔

چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چِنگ میں قائم اس اسٹیشن کا رقبہ 12 لاکھ 20 ہزار مربع میٹر ہے، جو تقریباً 170 فٹ بال میدانوں کے برابر بنتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ریلوے اسٹیشن نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن سے چھ گنا جبکہ یورپ کے سب سے بڑے ریلوے اسٹیشن لائپزگ ہاؤپٹ بانہوف سے تقریباً 15 گنا بڑا ہے۔ اس کا رقبہ بعض چھوٹے قصبوں سے بھی زیادہ ہے، جبکہ یہ ویٹیکن سٹی سے دو گنا سے زائد وسیع بتایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کے انوکھے پتھر، جو بڑھتے بھی ہیں اور حرکت بھی کرتے ہیں

اس جدید ریلوے اسٹیشن میں 29 پلیٹ فارم، 15 ریلوے ٹریکس اور آٹھ منزلوں پر مشتمل ڈھانچہ موجود ہے۔ اس کی چھت 16 ہزار 500 ٹن وزنی اسٹیل ٹیوب ٹرس سے تیار کی گئی ہے، جبکہ 400 میٹر طویل پلیٹ فارم چین کی طویل ترین ہائی اسپیڈ ٹرینوں کی آمدورفت اور مصروف اوقات میں فی گھنٹہ 16 ہزار مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس منصوبے کی ایک اور منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اسے پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ چونگ چِنگ اپنے پہاڑی جغرافیے کی وجہ سے مشہور ہے، جہاں اتنے بڑے ٹرانسپورٹیشن حب کی تعمیر ایک بڑا چیلنج سمجھی جاتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ میں پالتو بلی کا انوکھا انداز،درست پیشگوئیوں نے سب کو چونکا دیا

چینی میڈیا کے مطابق منصوبے کے آغاز میں پہاڑ کو کاٹ کر اور دھماکوں کے ذریعے زمین کو ہموار کیا گیا، تاکہ وسیع ریلوے اسٹیشن کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے میں تقریباً 20 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ اور 3 لاکھ 66 ہزار ٹن اسٹیل استعمال کیا گیا، جبکہ تعمیراتی کام میں 40 ہزار تک کارکنوں اور بڑی تعداد میں جدید روبوٹک مشینری نے حصہ لیا۔ چونگ چِنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن کو چین کے جدید انفرااسٹرکچر اور تیز رفتار تعمیراتی صلاحیت کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles