حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ای پروٹیکٹر سروس متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے پروٹیکٹر رجسٹریشن کا مکمل عمل اب آن لائن انجام دیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد امیگریشن کے نظام کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت درخواست گزار موبائل فون، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے، جبکہ اس سہولت کے بعد پروٹیکٹر آفس جا کر درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکام کے مطابق e-Protector سروس کو امیگریشن آرڈیننس 1979 اور متعلقہ قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو محفوظ، جدید اور مؤثر آن لائن سہولت فراہم کی جا سکے۔
بیورو کے مطابق اس نظام سے بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی، کیونکہ انہیں رجسٹریشن کے لیے طویل سفر، اضافی اخراجات اور دفتری پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ درخواستوں کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل انداز میں محفوظ رکھا جائے گا، جس سے شفافیت، مؤثر نگرانی اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
حکام نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن صرف سرکاری نظام کے ذریعے مکمل کریں اور اپنی تمام ذاتی معلومات درست درج کریں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔