فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جس کے نتیجے میں بلوچستان میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے بلوچستان کی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی امور پر گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جب تک دہشتگردی کے خطرے اور اس کے سہولت کاروں کا پاکستان سے خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔
دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو درپیش خطرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک و عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشتگرد نیٹ ورکس کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور ترقی کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم مسلح افواج عوام کے اتحاد اور تعاون کے ساتھ ان عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور پرعزم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات کا مقصد بلوچستان کے سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانا اور عوام کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے مستقبل کے لیے اتحاد، عزم اور مستقل مزاجی ضروری ہےملاقات کے اختتام پر شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔