جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لوکی نیٹ فلکس ریلیز سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی

جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لوکی نیٹ فلکس ریلیز سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی

پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے مقبول ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کی ریلیز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

یہ ناول پہلی بار 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں بھی شائع کیا گیا۔ تازہ رپورٹس کے مطابق اس ناول پر بننے والی سیریز 2026 کے اختتام تک نیٹ فلکس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کاسمیٹک سرجری یا بیوٹی پروسیجر ، علیزے شاہ نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا دیا

اگرچہ اس سے قبل کئی پاکستانی ڈرامے ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد نیٹ فلکس پر دستیاب کیے جا چکے ہیں، تاہم ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہوگی، جسے ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، صنم سعید، احد رضا میر اور نادیہ خان سمیت کئی معروف فنکار شامل ہیں، جبکہ اس کی پروڈکشن اور نگرانی مومنہ درید نے کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیٹ پیپر لیک تنازع، عالیہ بھٹ کا طلبہ کے مطالبات کی حمایت کا اعلان

یہ سیریز ابتدا میں 2025 میں ریلیز ہونا تھی، تاہم مختلف وجوہات کے باعث مقررہ وقت پر اس کی نمائش نہ ہو سکی۔ اس کے بعد طویل عرصے تک نہ کاسٹ اور نہ ہی پروڈیوسرز کی جانب سے کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ سامنے آئی، جس کے باعث منصوبے کی منسوخی یا غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عاطف اسلم کی عالمی مقبولیت عروج پر، اسپاٹیفائی کے نئے اعداد و شمار جاری

تازہ اطلاعات کے مطابق مومنہ درید اس وقت سیریز کی فائنل ایڈیٹنگ کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں کاسٹ کی جانب سے تشہیری مہم شروع کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب طویل تاخیر کے باعث شائقین اب بھی ریلیز کی خبروں پر محتاط نظر آ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس خبر پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیریز کی اقساط نشر ہونے کے بعد ہی اس کی ریلیز پر یقین کریں گے۔

editor

Related Articles