اسلام آباد، لاہور، کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان پر ، شہری پریشان

اسلام آباد، لاہور، کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان پر ، شہری پریشان

اگر آپ آج سبزی خریدنے نکلے ہیں تو پہلے اپنی جیب ضرور دیکھ لیں کیونکہ روزمرہ کھانوں کا لازمی حصہ سمجھے جانے والے ٹماٹر کی قیمت نے اچانک ایسی چھلانگ لگائی ہے کہ شہری حیران رہ گئے ہیں۔

اسلام آباد میں کئی مقامات پر معیاری ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ خریدار کہتے ہیں کہ اب عام گھر کے لیے ٹماٹر خریدنا بھی ایک مشکل فیصلہ بن گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اتوار کے روز سبزی منڈیوں اور بازاروں کا رخ کرنے والے شہریوں کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا برداشت کرنا پڑا جہاں مارکیٹ میں ٹماٹر 277 روپے سے 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ 277 روپے والا ٹماٹر کچھ جگہوں پر دستیاب ہے، لیکن اس کا معیار تسلی بخش نہیں ، دوسری جانب بہتر اور تازہ ٹماٹر خریدنے کے لیے 400 روپے فی کلو تک ادا کرنا پڑ رہے ہیں، جو متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کے بجٹ پر اضافی بوجھ بن رہا ہے۔

کراچی اور لاہور میں ٹماٹر کی قیمت

اسی طرح لاہور میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 300 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر اوپن مارکیٹ میں اسے 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

 ادھر کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں، اس وقت متعدد تاجر ایرانی اور کوئٹہ کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو یا 110 سے 125 روپے فی پاؤ کے حساب سے بیچ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آج 10 گھنٹے تک بجلی بند رہے گی ، کے الیکٹرک کا مکمل شیڈول جاری

ٹماٹر مہنگا کیوں ؟

دکانداروں کے مطابق بارڈر کی بندش اور مقامی پیداوار میں کمی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ جب سپلائی کم ہوتی ہے تو قیمتیں خود بخود بڑھ جاتی ہیں تاہم خریدار اس وضاحت سے مطمئن نظر نہیں آتے،  ان کا کہنا ہے کہ وجہ کوئی بھی ہو، مہنگائی کا اصل بوجھ ہمیشہ عام آدمی ہی اٹھاتا ہے۔

گھریلو بجٹ پر براہِ راست اثر

ٹماٹر تقریباً ہر گھر میں روزانہ استعمال ہونے والی سبزی ہے، اسی لیے اس کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ براہِ راست گھریلو اخراجات کو متاثر کرتا ہے ، بہت سے شہریوں کا کہنا ہے کہ اب سالن، سلاد اور دیگر روزمرہ کھانوں کی تیاری بھی پہلے سے کہیں زیادہ مہنگی ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر سپلائی بہتر نہ ہوئی اور مقامی پیداوار میں اضافہ نہ آیا تو آنے والے دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اس صورتحال میں صارفین کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی کا دباؤ کسی حد تک کم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles