آزا دکشمیر انتخابات،میر پور ڈویژن میں 7 نشستوں کےغیر سرکاری غیر حتمی نتائج ، ن لیگ 5 ، پی پی دو نشستوں پر کامیاب

آزا دکشمیر  انتخابات،میر پور ڈویژن میں 7 نشستوں  کےغیر سرکاری غیر حتمی نتائج ، ن لیگ 5 ، پی پی دو  نشستوں پر   کامیاب

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک 7 نشستوں کے مکمل نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) نے 5 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق کئی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جبکہ بعض اہم سیاسی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ایل اے 1 ڈڈیال (میرپور)

حلقہ ایل اے 1 ڈڈیال کے تمام 193 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پہلے سرکاری نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے چوہدری اظہر صادق کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

ایل اے 2 چکسواری / اسلام گڑھ (میرپور)

حلقہ ایل اے 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج مکمل ہو گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

آزاد امیدوار چوہدری ظفر انور ایک ہزار 40 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 3 میرپور سٹی

حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی کے 161 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کامیابی کے ساتھ سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود کے صاحبزادے یاسر سلطان اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

ایل اے 4 کھڑی شریف (میرپور)

حلقہ ایل اے 4 کھڑی شریف کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چوہدری صہیب ارشد سابق وزیر حکومت چوہدری ارشد کے فرزند ہیں، جبکہ وہ یاسر سلطان کے کزن بھی ہیں۔ اس طرح بیرسٹر سلطان خاندان کو اس نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایل اے 5 برنالہ (بھمبر)

حلقہ ایل اے 5 برنالہ کے 176 میں سے 107 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور 19 ہزار 592 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 16 ہزار 335 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ایل اے 6 سماہنی (بھمبر)

حلقہ ایل اے 6 سماہنی کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 23 ہزار 923 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

آئی پی پی کے امیدوار علی شان سونی 12 ہزار 492 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 7 بھمبر

حلقہ ایل اے 7 بھمبر کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چوہدری انوار الحق گزشتہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے، بعد ازاں فارورڈ بلاک کا حصہ بننے کے بعد وزیراعظم بنے۔ اس بار انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا۔

ایل اے 8 کوٹلی 1 راج محل

حلقہ ایل اے 8 کے 155 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 4 ہزار 851 ووٹ لے کر آگے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 3 ہزار 615 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال

حلقہ ایل اے 9 نکیال کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق بڑا اپ سیٹ سامنے آیا۔

مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 37 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 507 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 10 کوٹلی سٹی

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن ایک ہزار 649 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین ایک ہزار 330 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری اخلاق 10 ہزار 659 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے راجہ آصف 9 ہزار 264 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی

حلقہ ایل اے 12 کے 207 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 9 ہزار 788 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست 6 ہزار 788 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ایل اے 13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ

حلقہ ایل اے 13 کھوئی رٹہ کے مکمل غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں۔ 193 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 190 پر پولنگ ہوئی جبکہ 3 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ نہ ہو سکی۔

نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 728 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

آئی پی پی کے انصر ابدالی 15 ہزار 648 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد ولید انقلابی 14 ہزار 386 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔

یہ حلقہ اس لیے بھی توجہ کا مرکز رہا کیونکہ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین نے اس نشست پر 30 ہزار ووٹ لینے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم غیر سرکاری نتائج میں پارٹی امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔

مجموعی صورتحال

میرپور ڈویژن میں اب تک سامنے آنے والے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 7 میں سے 5 نشستیں اپنے نام کی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ دوسری جانب بعض حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور باقی نشستوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles