علیمہ خان نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، بڑا الزام

علیمہ خان نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، بڑا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پارٹی کی مرکزی قیادت کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ قیادت اب تک عمران خان کی رہائی کے لیے مؤثر اور منظم حکمتِ عملی بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی جس کے باعث کارکنوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے پارٹی قیادت کو زیادہ فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت اور کارکنوں کے درمیان موجود اختلافات کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ پارٹی متحد ہو کر اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر عمران خان کی رہائی کے لیے عملی جدوجہد میں حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مہنگائی بدامنی اور غیر یقینی صورتحال جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے جن سے نکلنے کے لیے عوامی سطح پر مؤثر سیاسی کردار ادا کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین تیار رہیں، اگست کے بجلی بلوں میں بڑا جھٹکا متوقع

علیمہ خان نے چند روز قبل مانسہرہ میں کیے گئے اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کی تحریک کے حوالے سے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار احتجاج کا مرکز ڈی چوک نہیں بلکہ اڈیالہ جیل ہوگا جہاں کارکن اپنے قائد سے اظہارِ یکجہتی کریں گے۔

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ عمران خان سے منسوب مبینہ جھوٹے بیانات میڈیا میں جاری کیے جا رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور سیاسی بیانیے کو متاثر کرنا ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے عام انتخابات میں بڑی تعداد میں نشستیں جتوا کر عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا جبکہ خیبر پختونخوا کی قیادت کو بھی پنجاب سمیت دیگر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا تاکہ ملک گیر سطح پر سیاسی جدوجہد کو مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے پارٹی کارکن اپنی سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید سرگرمیاں بھی سامنے آئیں گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles