بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، گلوکارہ اور ڈانسر نورا فتحی نے مراکش کے اسٹار گول کیپر یاسین بونو کے ساتھ تعلقات سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں کے درمیان صرف دوستی کا رشتہ ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں نورا فتحی نے یاسین بونو کے ساتھ اپنے تعلق کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے قریبی دوست ہیں اور ان کی شخصیت و پیشہ ورانہ کامیابیوں کی بے حد قدر کرتی ہیں۔
نورا فتحی کا کہنا تھا کہ یاسین بونو دنیا کے بہترین گول کیپرز میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں ان کی کامیابیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی یاسین کوئی بڑی کامیابی حاصل کرتے ہیں، وہ خوشی سے اس کا جشن مناتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ یاسین بونو کو کافی عرصے سے جانتی ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران دونوں کے درمیان رابطے میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق یاسین نہایت شائستہ، عاجز اور نرم مزاج شخصیت کے مالک ہیں، جن کی پوری توجہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، سخت محنت اور تربیت پر مرکوز رہتی ہے۔
نورا فتحی نے مزید کہا کہ یاسین بونو سوشل میڈیا کی شہرت یا چمک دمک کے بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر یقین رکھتے ہیں، اور یہی خوبی انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔
واضح رہے کہ یاسین بونو اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب الہلال اور مراکش کی قومی فٹبال ٹیم کی نمائندگی بطور گول کیپر کر رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر نورا فتحی اور یاسین بونو کے تعلقات کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، جن پر اب اداکارہ نے خود وضاحت پیش کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔