ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سنبل ملک نے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید سے منسوب وائرل مبینہ آڈیو کال پر اپنا مؤقف جاری کرتے ہوئے اس آڈیو سے کسی بھی قسم کے تعلق کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک آڈیو بیان میں سنبل ملک نے کہا کہ وہ ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں اور نہ تو وہ میاں نوید کو جانتی ہیں اور نہ ہی ان کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق یا رابطہ رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کی گئی معلوم ہوتی ہے، جسے ان کے بقول ممکنہ طور پر میاں نوید کے مخالفین نے ان کے خلاف استعمال کرنے کے لیے بنایا ہے۔
سنبل ملک نے مزید کہا کہ وائرل آڈیو میں موجود خاتون وہ نہیں ہیں اور نہ ہی اس میں سنائی دینے والی آواز ان کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی میاں نوید سے کبھی کوئی گفتگو یا رابطہ نہیں ہوا اس لیے اس معاملے میں ان کا نام جوڑنا بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید سے منسوب ایک مبینہ آڈیو کال وائرل ہوئی تھی، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس میں ایک خاتون گھر اور گاڑی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ تاہم اس آڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
تاحال میاں نوید کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ وائرل آڈیو کی صداقت یا اس میں شامل آوازوں کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔