دنیا بھر میں ہزاروں واٹس ایپ صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے اچانک معطل ہو گئے، جس کے باعث انہیں میسجنگ سروس استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک ہو گئے ہیں اور ایپ پر ایک پیغام ظاہر ہو رہا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ اور ڈیوائس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صارف واٹس ایپ کی شرائط و ضوابط پر عمل کر رہا ہے۔ پیغام میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس جائزے کے نتیجے سے 24 گھنٹوں کے اندر آگاہ کر دیا جائے گا۔
میٹا نے اس مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکاؤنٹس کی معطلی ایک تکنیکی خرابی کے باعث ہوئی، جسے دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کی اپنے اکاؤنٹس تک رسائی بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تاہم میٹا نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ یہ مسئلہ کن ممالک یا خطوں میں زیادہ شدت سے سامنے آیا اور نہ ہی اس تکنیکی خرابی کی اصل وجہ کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔
واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشنز میں شمار ہوتی ہے، جس کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔ ایسے میں اگر یہ مسئلہ محدود پیمانے پر بھی پیش آیا ہو، تب بھی دنیا بھر میں بڑی تعداد میں صارفین اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔