صومالیہ کے وزیر دفاع سفیر احمد معلم فقی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سلامتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فوجی روابط بڑھانے پر زور
دونوں فریقوں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان فوجی روابط کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
صومالی وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا،انہوں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاکستان کا تعاون جاری رکھنے کا عزم
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان صومالیہ کے سیکیورٹی اداروں کی مضبوطی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھے گا،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات، تربیتی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی اقدامات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔