اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم ، صدر اور وزیر اعظم کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم ، صدر اور وزیر اعظم کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری میں تاخیر کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم اور وزارتِ قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری نہ دیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر صدر اور وزیراعظم کو ان کے سیکرٹریز کے ذریعے نوٹس جاری کیے۔ وزارتِ قانون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ سمری کی موجودہ پوزیشن اور اس میں ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے واضح طور پر استفسار کیا کہ ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری اس وقت کس مرحلے پر رکی ہوئی ہے اور 15 روز کی آئینی مدت گزرنے کے بعد حکومت نے کیا کارروائی کی؟

کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ درخواست گزار لقمان ظفر کی جانب سے وکیل زاہد آصف چودھری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی نمائندگی ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے کی۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی اصل قیمت کتنی؟ فی لیٹر 130 روپے کہاں جا رہے ؟ تفصیلات جانیے

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی حکومت کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کیا کر رہی ہے؟ آپ کی کوئی دلچسپی نہیں؟ ایسا لگتا ہے وفاقی حکومت کو اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے یہ توقع کی تھی کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ سمری کس مرحلے پر ہے اور کیا حکومت کو اس بارے میں کچھ معلوم ہے؟

عدالت نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی اور کنفرمیشن کے معاملات پر بھی سوالات اٹھائے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے ججز کی کنفرمیشن کا معاملہ بھی جس کی جوڈیشل کمیشن نے منظوری دی تھی رکا ہوا ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ سمری کو اس طرح رکھ کر بیٹھا نہیں جا سکتا پہلے 15 دن بھی مکمل نہیں ہوئے تھے اب 18 دن گزر چکے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل زاہد آصف چودھری نے عدالت کو بتایا کہ آئین اس معاملے پر واضح ہے اور مقررہ وقت گزرنے کے بعد اس کے قانونی اثرات مرتب ہوتے ہیں ان کا مؤقف تھا کہ صدر مملکت اس طرح سمری کو زیر التوا نہیں رکھ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے بڑا جھٹکا ، ایک دن باقی

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ اب صدر مملکت سمری مسترد بھی نہیں کر سکتے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ صدر کے اختیار کا معاملہ بعد میں دیکھا جائے گا فی الحال وفاقی حکومت یہ بتائے کہ 15 دن گزرنے کے بعد اس نے کیا کیا ہے؟

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے ججز کا معاملہ بھی لٹکا ہوا ہے اور اس صورتحال کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدر مملکت اور وزیراعظم کو سیکرٹریز کے ذریعے جبکہ وزارتِ قانون کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت ملتوی کردی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles