الیکٹرک بائیک الیکٹرک سائیکل اور اسکوٹر استعمال کرنے والوں کے لیے نئی پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں جن کے تحت ہیلمٹ پہننا اور روشنی کو منعکس کرنے والے چمکدار کپڑے یا جیکٹ استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے خلاف ورزی کرنے والے افراد کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال سے متعلق حفاظتی قوانین سخت کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد الیکٹرک بائیک اور دیگر ہلکی برقی سواریوں سے ہونے والے حادثات میں کمی لانا اور سڑکوں پر سوار افراد کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بائیک اور سائیکلوں سے متعلق حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ان حادثات میں ایک قابلِ ذکر تعداد میں سواروں کو سر پر شدید یا مہلک نوعیت کی چوٹیں پہنچتی ہیں۔ اسی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی سامان کے استعمال کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت الیکٹرک بائیک یا سائیکل چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ سواروں کو روشنی کو منعکس کرنے والی جیکٹ یا چمکدار لباس پہننا ہوگا تاکہ رات یا کم روشنی میں دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور انہیں واضح طور پر دیکھ سکیں۔
پولیس کے مطابق ہیلمٹ کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے سوار کو 135 یورو یعنی تقریباً 156 امریکی ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، جبکہ چمکدار جیکٹ یا روشنی منعکس کرنے والے لباس کے بغیر سڑک پر نکلنے والے شخص پر 35 یورو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ان حفاظتی پابندیوں کا اطلاق عوامی سڑکوں پر ہر وقت ہوگا۔ یعنی الیکٹرک بائیک یا سائیکل استعمال کرنے والے افراد کو دن اور رات، دونوں صورتوں میں مقررہ حفاظتی تقاضوں کی پابندی کرنا ہوگی۔
پیرس میں کرائے پر دستیاب الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال پر پہلے ہی 2023 سے پابندی عائد ہے تاہم ذاتی ملکیت والی سائیکلیں اور اسکوٹرز اب بھی شہریوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث الیکٹرک گاڑیوں اور بائیکس کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ حکومتیں بھی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دے رہی ہیں، جبکہ شہری کم اخراجات اور ایندھن سے بچت کے باعث برقی سواریوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
تاہم پیرس حکام کا مؤقف ہے کہ الیکٹرک بائیک کے فروغ کے ساتھ سڑکوں پر محفوظ سفر بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت حفاظتی سامان کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ حادثات کی صورت میں جانی نقصان اور شدید چوٹوں کے امکانات کم کیے جاسکیں۔