وزیر اعظم آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 کا انتخابی نتیجہ جاری نہ ہو سکا،

وزیر اعظم آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 کا انتخابی نتیجہ جاری نہ ہو سکا،

 آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج تاحال حتمی شکل اختیار نہ کرسکے، جس کے باعث سیاسی صورتحال میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ الیکشن کمیشن نے حلقے کے پولنگ بیگز کو محفوظ رکھنے کے لیے مظفرآباد طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حویلی میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے باوجود حلقے کا حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا جاسکا۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے پولنگ بیگز کو ہنگامی بنیادوں پر مرکزی دفتر منتقل کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد ووٹوں سے بھرے بیگز سخت سکیورٹی میں حویلی سے باغ کے راستے مظفرآباد منتقل کیے جا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، تیسرے مرحلے کی پولنگ آج، 4 حلقوں میں میدان سجے گا

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ بیگز کو مرکزی دفتر منتقل کرنے کا مقصد انتخابی مواد کو محفوظ رکھنا اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانا ہے۔ تاہم نتیجے میں تاخیر کے باعث حلقے میں سیاسی بے چینی بڑھ گئی ہے اور دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کی جانب سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس مطالبے کے حق میں پارٹی کارکنوں نے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ گنتی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا، تاہم بعد ازاں دوبارہ گنتی کے بجائے پولنگ بیگز مظفرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ سامنے آیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ذرائع کا مؤقف ہے کہ انتخابی مواد کو محفوظ رکھنے کے لیے مظفرآباد منتقل کیا گیا ہے اور ملازمین کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد حلقے کا حتمی نتیجہ جاری کردیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، تین سابق و موجودہ وزرائے اعظم کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا ، فیصلہ آج

پیپلز پارٹی کے امیدوار اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کیے ہیں اور وہ حلقے سے کامیاب ہوچکے ہیں۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کا کہنا ہے کہ انہیں تقریباً 6 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ ان کے مطابق نتائج میں مبینہ ردوبدل کے ذریعے انہیں کامیاب ہونے کے باوجود شکست خوردہ امیدوار ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے بھی انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ میں تبدیلی کسی صورت قابل قبول نہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے قبل دوبارہ گنتی کرانی چاہیے۔

editor

Related Articles