عوام کو ایک اور جھٹکا ، آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ

عوام کو ایک اور جھٹکا ، آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ

مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عام آدمی کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا جہاں پنجاب کے شہر جھنگ میں آٹے کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا ،  فائن آٹا 122 روپے سے بڑھ کر 137 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر میں  15 کلو آٹے کا تھیلا بھی فلور ملز سے اب 2 ہزار روپے کا مل رہا ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہی تھیلا 2 ہزار 50 روپے تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آٹے کی قیمت میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عام گھرانے پہلے ہی روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں،  روٹی ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے آٹے کے نرخ بڑھنے کا اثر براہِ راست گھریلو بجٹ پر پڑتا ہے۔

جھنگ کی مقامی مارکیٹ میں فائن آٹے کی قیمت 122 روپے سے بڑھ کر 137 روپے فی کلو ہوگئی  یعنی صارفین کو اب ہر کلو آٹے کے لیے پہلے کے مقابلے میں 15 روپے زیادہ ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔

اگر ایک عام گھرانہ روزانہ چند کلو آٹا استعمال کرتا ہے تو ماہانہ بنیاد پر یہ معمولی نظر آنے والا اضافہ بھی بجٹ پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے ، خاص طور پر کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بنیادی خوراک کی قیمت میں مسلسل اضافہ ایک بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔

مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ اوپن مارکیٹ اور پرچون دکانوں پر یہی 15 کلو کا تھیلا 2050 روپے تک پہنچ گیا ، اس طرح فلور ملز کی قیمت اور بعض مارکیٹوں میں صارفین سے وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان بھی فرق موجود ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں کیا ریٹ رہا؟

ملک کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہوگیا۔۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں شہری ملک کا سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی،  پشاور میں یہ قیمت 3 ہزار 100 روپے اور راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی غذائی مہنگائی کا خدشہ، پاکستان کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی، اسٹیٹ بینک نے خبردار کردیا

دوسری جانب لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جو ملک کے بڑے شہروں میں نسبتاً کم قیمت شمار کی جا رہی ہے۔

آٹے کی قیمت میں اضافے کا سب سے بڑا اثر متوسط اور کم آمدنی والے گھرانوں پر پڑتا ہے ، ایک طرف بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر روزمرہ اخراجات میں اضافہ گھر کا بجٹ محدود کرتا ہے، تو دوسری طرف آٹے جیسی بنیادی خوراک مہنگی ہونے سے اخراجات کو مزید قابو میں رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔

اس صورتحال میں خاندانوں کو خوراک کے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرنا پڑے گی یا پھر دیگر ضروریات پر خرچ کم کرنا ہوگا ، یہی وجہ ہے کہ آٹے کی قیمت میں چند روپے کا اضافہ بھی عوام کے لیے محض ایک مارکیٹ تبدیلی نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا اہم مسئلہ بن جاتا ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کیوں اہم ہے؟

گندم کی قیمت، سپلائی، فلور ملز کے اخراجات، نقل و حمل اور مارکیٹ میں طلب و رسد جیسے عوامل آٹے کی قیمت پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ،  حالیہ مہینوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔

editor

Related Articles