پاکستانی اداکارہ، میزبان اور ماڈل فضا علی اداکارہ نمرہ خان کی حمایت کرتے ہوئے ان کے سابق شوہر پر برس پڑیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نمرہ خان کی حال ہی میں ہونیوالی دوسری شادی کے اچانک خاتمے پر ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان کی بھرپور حمایت میں کھل کراظہارخیال کیا جارہا ہے ۔
اداکارہ نمرہ خان نے شادی کے بعد اپنی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، تاہم کچھ ہی دنوں کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آ گئے ، جس کے بعد اداکارہ اور ان کے شوہر نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات اور پوسٹس شیئر کیں ، نمرہ کے شوہر کی جانب سے ’Good Riddance‘ کا جملہ بھی استعمال کیا گیا۔
اس مشکل وقت میں ساتھی اداکارنمرہ خان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور ان کی حمایت میں آوازاٹھاتے نظر آئے ، ان میں فضا علی نے بھی نمرہ خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک شخص جس نے کچھ عرصہ قبل ہی نمرہ کو اپنی زندگی کا ساتھی بنایا، وہ اب ان کیلئے ’Good Riddance‘ جیسے الفاظ کیسے استعمال کر سکتا ہے۔
فضا علی نے اس رویے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رشتے نہیں چلتے، راستے الگ ہو جاتے ہیں یہی زندگی ہے، لیکن رشتہ ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اس عورت کی عزت بھی ختم کر دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کسی خاتون کو اس انداز میں مخاطب کرنا مناسب نہیں، خاص طور پر جب وہ حال ہی میں آپ کی شریکِ حیات بنی ہو، میں اس معاملے میں اداکارہ کے ساتھ کھڑی ہوں، نمرہ اپنا سر بلند رکھنا، کسی کا تمہاری زندگی سے چلے جانا تمہاری اہمیت کم نہیں کرتا۔
فضا علی کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی نمرہ خان کے شوہر کیجانب سے اس پر ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ نمرہ خان اور ان کے شوہر کی جانب سے فی الحال علیحدگی سے متعلق واضح اعلان نہیں کیا گیا ہے۔