جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی،این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی،این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شدید بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کی متعدد اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث بعض مقامات پر پانی کی نکاسی کا عمل بھی متاثر ہوا۔

 یہ بھی پڑھیں :شدید گرمی یا بارشیں؟ محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی کردی

موسلا دھار بارش کے نتیجے میں جڑواں شہروں کے مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سرگرمی کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی پنجاب میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔ شدید بارش کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ

این ڈی ایم اے کی جانب سے صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کو نشیبی اور حساس علاقوں کی نگرانی بڑھانے، پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مشینری تیار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری موسمیاتی ہدایات میں شہری سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں ڈی واٹرنگ انتظامات اور ریسکیو اداروں کو تیار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

متوقع مزید بارش کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط کرنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، کمزور عمارتوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں جبکہ پانی جمع ہونے کی صورت میں احتیاط سے سفر کریں۔

editor

Related Articles