مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں

مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، خطے میں بڑھتی ہوئی بے یقینی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں تقریباً 7 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد مربن کروڈ آئل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی رسد اور تیل کی نقل و حمل سے متعلق خدشات میں اضافہ ہورہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :مشرق وسطی کی غیر یقینی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ 

رپورٹس کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ امریکی خام تیل کی قیمت 1.57 ڈالر اضافے کے بعد 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر تیل کی رسد، پیداوار اور مشرق وسطیٰ سے ہونے والی برآمدات کی صورتحال پر مرکوز ہوگئی ہے۔

دوسری جانب برطانوی خام تیل، جسے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اہم پیمانوں میں شمار کیا جاتا ہے، کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 1.09 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 90.42 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عالمی تیل مارکیٹ کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ خطہ عالمی توانائی کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ خطے میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں تیل کی پیداوار، برآمدات اور سمندری راستوں سے ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران امریکا کشیدگی میں کمی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 9 فیصد سے زائد گر گئیں

تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اثر صرف توانائی کی عالمی منڈی تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات مختلف ممالک کی معیشتوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ خام تیل مہنگا ہونے سے درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ، صنعت اور دیگر شعبوں کی لاگت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان رہتا ہے۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں کی جانب سے تیل کی آئندہ رسد اور طلب کے حوالے سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے تو عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

موجودہ صورتحال میں عالمی منڈی کے لیے مشرق وسطیٰ سے متعلق پیش رفت انتہائی اہم ہوگئی ہے، جبکہ تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے یا کمی کا انحصار خطے میں کشیدگی کی شدت، عالمی طلب اور تیل کی سپلائی سے متعلق آنے والی اطلاعات پر ہوگا۔

editor

Related Articles