ایران نے امارات پر میزائل حملے کا الزام مسترد کردیا

ایران نے امارات پر میزائل حملے کا الزام مسترد کردیا

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران پر میزائل حملے کا الزام مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایرانی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ایسے الزامات کے معاملے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور فالس فلیگ آپریشنز کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں اماراتی دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تہران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران کسی بھی واقعے کے بارے میں فوری طور پر کسی ایک فریق کو ذمہ دار قرار دینا صورتحال کو مزید پیچیدہ کرسکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران سے امارات کی جانب دو بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔ اماراتی حکام کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے نے مزید تشویش پیدا کردی۔

ایرانی حکام نے اماراتی وزارت دفاع کے دعوے کو تسلیم کرنے کے بجائے اس کی واضح تردید کردی ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ ایسے الزامات کی بنیاد پر کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے حقائق اور شواہد کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان موجودہ علاقائی صورتحال پہلے ہی انتہائی حساس ہے۔ ایسے میں میزائل حملوں سے متعلق متضاد دعوے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :یو اے ای کا ایران کے ساتھ تجارتی اور مالی معاملات معطل کرنے کا اعلان

دونوں ممالک کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور شواہد کا انتظار کیا جارہا ہے۔ فی الحال ایران نے اماراتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے فالس فلیگ آپریشن کے امکان سے خبردار کیا ہے جبکہ اماراتی حکام اپنے دعوے پر قائم ہیں۔

editor

Related Articles