پاکستانی شوبز کی معروف جوڑی دانش تیمور اور عائزہ خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی طلاق کی افواہوں کی زد میں ہیں۔
گزشتہ دنوں عائزہ خان کی جانب سے شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر ڈیلیٹ کیے جانے اور بعض نئی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے دونوں کے درمیان اختلافات کے بارے میں سوالات اٹھانا شروع کیے تھے۔افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے پریمیئر میں بھی شریک نہیں ہوئیں۔
تاہم دانش تیمور کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب عائزہ خان ایک فین پیج کو جواب دیتے ہوئے واضح کر چکی ہیں کہ دونوں کے درمیان علیحدگی نہیں ہوئی۔ اب دانش تیمور کے بھائی زاہد تیمور کی اہلیہ سدرہ نے طلاق سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سدرہ کے مطابق دانش تیمور اورعائزہ خان خوش ہیں اور دونوں کے درمیان اچھا تعلق قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلاق اور اختلافات سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نےعائزہ خان کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے پریمیئر میں شرکت نہ کرنے پر ہونے والی تنقید کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ جب ایمنہ کسی تقریب میں شرکت کرتی ہیں تو انہیں توجہ حاصل کرنے کے لیے آنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
یہ دانش تیمور کے خاندان کی جانب سے طلاق کی افواہوں پر سامنے آنے والا پہلا واضح ردعمل ہے۔ تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی مشترکہ باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔