محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم شمال مشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کمزور مرطوب ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ منگل کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوسکتا ہے۔
مختلف علاقوں میں بارش
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، لاڑکانہ اور دیر کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے سبی میں 31 ملی میٹر، بارکھان میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
گلگت بلتستان کے سکردو میں 5 ملی میٹر، گوپس میں 3 ملی میٹر اور بابوسر میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ خیبر پختونخوا کے دیر اور سندھ کے لاڑکانہ میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تربت اور دالبندین گرم ترین
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،نوکنڈی اور بہاولنگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرم اور مرطوب موسم کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔