عالمی منڈی میں تیل سستا، کیا پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی؟

عالمی منڈی میں تیل سستا، کیا پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی؟

آبنائے ہرمز کھلنے کی امید کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 2 فیصد نیچے آگئی ہیں، لیکن کیا عالمی سطح پر تیل سستا ہونے کا فائدہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت کم ہونے کی صورت میں ملے گا؟۔

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے حوالے سے مذاکرات نے مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے کی امید پیدا کی ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل 1.78 ڈالر کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی WTI 1.49 ڈالر کمی سے 80.87 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

پاکستان کیلئے یہ پیش رفت اس لیے اہم ہے کیونکہ ملک اپنی توانائی کی ضروریات کیلئے درآمدی تیل پر انحصار کرتا ہے،  آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا انتہائی اہم راستہ ہے اور اس میں معمول کی بحالی سے عالمی سپلائی کے خدشات کم ہوسکتے ہیں۔

پاکستان میں پٹرول سستا ہوگا یا نہیں؟

عالمی قیمت میں کمی کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان میں پٹرول اسی وقت سستا ہوجائے گا ، پاکستان میں اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جارہا ہے اور اوگرا بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتیں طے کرتا ہے،  حکومت کے مطابق نئے نظام میں قیمتوں کا تعین گزشتہ سات ورکنگ دنوں کی اوسط عالمی قیمت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کھلنے کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

اس لیے اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی مسلسل برقرار رہتی ہے تو اس کا اثر پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے تاہم حتمی قیمت کا انحصار صرف عالمی خام تیل پر نہیں ہوگا بلکہ دیگر قیمت سازی عوامل بھی شامل ہوں گے۔

پاکستانیوں کو فوری ریلیف کیوں نہیں مل سکتا؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے کے باوجود پاکستان میں حالیہ قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے جہاں کل رات سے پٹرول کی قیمت 1.12 روپے اضافے کے بعد 343.10 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 11پیسے اضافے کے بعد 371.80 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اس کی بڑی وجہ قیمتوں کے تعین میں ایک دن کی عالمی منڈی کی حرکت کے بجائے مقررہ اوسط کو دیکھنا ہے چنانچہ اگر آئندہ کئی دن عالمی خام تیل مسلسل سستا رہتا ہے تو اس کمی کے پاکستان میں منتقل ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

آبنائے ہرمز کھلنے سے کیا فرق پڑے گا؟

ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے ایک عارضی مشترکہ بحری راہداری  پر بات چیت کی ہے، اس خبر نے سرمایہ کاروں کو عالمی تیل سپلائی بہتر ہونے کی امید دلائی ہے ،  نتیجتاً خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہنے اور پاکستان سمیت درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک میں قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے۔

تاہم فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ پاکستان میں پٹرول کتنے روپے سستا ہوگا،  اصل ریلیف کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ عالمی قیمتوں میں کمی کتنی دیر برقرار رہتی ہے اور اوگرا کے روزانہ قیمت سازی نظام میں اس کا اثر کس رفتار سے منتقل ہوتا ہے۔

editor

Related Articles