مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات کی بروقت رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو لائق تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں جاری اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔