41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان

41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان  نے گزشتہ روز اپنے ماں بننے کی خبر مداحوں کیساتھ شیئر کی ، 41 سال کی عمر میں دوسری بار ماں بننے کے  تجربے پر اداکارہ نے کھل کر گفتگو کی ہے ۔

اداکارہ نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر دیے گئے انٹرویو میں اپنے امید سے ہونے کی خوشخبری اور تجربات کے بارے میں بات کرتے کہا  کہ اس بار یہ تجربہ میرے لیے جسمانی اور جذباتی طور پر بالکل مختلف ہے۔

ماہرہ خان نے انکشاف کیا  کہ مجھے 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، اس وقت میری زندگی پہلے ہی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، میرا بیٹا بڑا ہو چکا ہے، جبکہ میں اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں۔

اداکارہ کاکہنا تھا  کہ اس مرحلے پر میں نے اپنی زندگی کے ایک مخصوص انداز کا تصور کر رکھا تھا، تاہم کئی برس بعد دوبارہ اس سفر کا آغاز میرے لیے ایک حقیقی جذباتی تبدیلی کا باعث بنا، انسان اپنی زندگی کے لیے بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بناتا ہے، لیکن پھر اللّٰہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اس کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس صورتِ حال نے مجھے یہ سیکھنے میں مدد دی ہے کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللّٰہ کی مرضی کے آگے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اداکارہ ماہرہ خان نے مداحوں کو خوشخبری سنا دی، ننھے مہمان کی آمد متوقع

اپنے پہلی بار ماں بننے کا حوالہ دیتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا ہے کہ جب میں پہلی بار ماں بنی تھی تو میری عمر 24 سال تھی، جبکہ اب میں 41 سال کی ہوں اور جذباتی اور جسمانی طور پر ایک مختلف عورت ہوں ، میں نے 24 سال کی عمر میں یہ تجربہ ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا، صحت اچھی تھی اور میں ان تمام ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھی۔

ماہرہ کے مطابق اس بار یہ صورتِ حال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے، بعض دنوں میں جسم مجھے وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو میرا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ میں ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام کرنے کی عادی رہی ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ جذباتی طور پر بھی یہ تجربہ مختلف ہے کیونکہ اس عمر میں انسان کے اندر زیادہ شعور ہوتا ہے، وہ زیادہ جانتا ہے، زیادہ فکر مند ہوتا ہے اور زندگی کی نزاکت اور اہمیت کو زیادہ سمجھتا ہے ،  دوسری مرتبہ اس عمل سے گزرنے کے دوران مجھے بے حد خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007ء میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کا بیٹا اذلان 15 ستمبر 2009ء کو پیدا ہوا، دونوں کی 2016ء میں طلاق ہو گئی تھی  ، ماہرہ خان نے سلیم کریم کے ساتھ شروع کیا اور اکتوبر 2023ء میں بھوربن میں شادی کی تھی۔

editor

Related Articles