ایپل نے آئی فون 18 پرو میکس کے بعض صارفین کو درپیش سنگین موبائل کنیکٹیویٹی کے مسئلے کے بعد متاثرہ ڈیوائسز مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ مسئلہ خاص طور پر امریکا کی ٹیلی کام کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی کے نیٹ ورک پر استعمال ہونے والے آئی فون 18 پرو میکس میں سامنے آیا ہے۔خرابی کے باعث بعض صارفین موبائل سروس سے محروم ہوگئے، جس کی وجہ سے عام فون کالز کے ساتھ ہنگامی نمبر 911 پر رابطہ کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے متعدد صارفین نے اچانک موبائل سروس ختم ہونے کی شکایات کیں۔ اس کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ مسئلہ بڑی تعداد میں آئی فون صارفین کو متاثر کرسکتا ہے۔
ایپل نے مسئلے کو مزید ڈیوائسز تک پھیلنے سے روکنے کے لیے iOS 27.0.1 اور نئی کیریئر سیٹنگز اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔تاہم یہ اپ ڈیٹ ان آئی فونز میں موبائل سروس بحال نہیں کرسکتی جو پہلے ہی اس خرابی سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق ایسے صارفین کے لیے ایپل نے متاثرہ آئی فون 18 پرو میکس کی جگہ مفت نیا فون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایپل اور اے ٹی اینڈ ٹی نے متاثرہ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے فون کی سیلولر سروس ختم ہوجائے تو وہ متعلقہ سپورٹ ٹیموں سے رابطہ کریں۔
کچھ صارفین نے آن لائن فورمز پر بتایا کہ iOS 27.0.1 انسٹال کرنے کے باوجود ان کے فون کی موبائل سروس بحال نہیں ہوئی۔ بعض صارفین نے iOS 27.2 کا پبلک بیٹا ورژن بھی آزمایا، لیکن مسئلہ برقرار رہا۔
مسئلہ کن آئی فونز میں سامنے آیا؟
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ خرابی فی الحال اے ٹی اینڈ ٹی نیٹ ورک پر استعمال ہونے والے آئی فون 18 پرو میکس تک محدود ہے۔
ٹی موبائل اور ویریزون کے صارفین کی جانب سے اس نوعیت کی خرابی کی رپورٹس سامنے نہیں آئیں۔ اسی طرح اے ٹی اینڈ ٹی نیٹ ورک پر استعمال ہونے والا عام آئی فون 18 پرو بھی اس مسئلے سے متاثر نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق اس مسئلے کا تعلق صرف سافٹ ویئر سے نہیں بلکہ فون کے ہارڈویئر سے بھی ہوسکتا ہے۔ آئی فون 18 پرو میں ایپل کا سی ٹو موڈیم استعمال کیا گیا ہے، جبکہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فون 18 پرو میکس میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن ایکس 80 موڈیم نصب ہے۔
ڈیوائس مرمت اور تجزیے کے ادارے آئی فکس اٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں نئی ملی میٹر ویو اینٹینا ٹیکنالوجی بھی شامل کی گئی ہے۔ ٹیکنالوجی تجزیاتی ادارے ٹیک انسائٹس کے مطابق اسنیپ ڈریگن ایکس 80 موڈیم اس سے پہلے آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس میں بھی استعمال ہوچکا ہے۔
ایپل کی جانب سے جاری سافٹ ویئر اور کیریئر سیٹنگز اپ ڈیٹس کا مقصد مستقبل میں مزید ڈیوائسز کو اس خرابی سے محفوظ رکھنا ہے۔تاہم جن آئی فون 18 پرو میکس صارفین کی اے ٹی اینڈ ٹی پر موبائل سروس پہلے ہی ختم ہوچکی ہے، ان کے لیے ایپل نے مرمت کے بجائے متاثرہ فون مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔