امریکا اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے 3 سائنس دانوں نے دماغی خلیوں کو روشنی کے ذریعے کنٹرول کرنے کی ٹیکنالوجی آپٹو جینیٹکس پر 2026 کا نوبیل انعام برائے طب حاصل کرلیا۔
سوئیڈن کے کیرولنسکا انسٹی ٹیوٹ کی نوبیل اسمبلی نے امریکی سائنس دان کارل ڈائسراتھ اور جرمنی کے سائنس دان پیٹر ہیگیمان اور جارج ناگل کو طب کے نوبیل انعام کا مشترکہ حقدار قرار دیا ہے۔
تینوں سائنس دانوں کو روشنی سے فعال ہونے والے آئن چینلز اور آپٹو جینیٹکس کے شعبے میں اہم دریافتوں پر یہ اعزاز دیا گیا۔ نوبیل اسمبلی کے مطابق ان سائنس دانوں کی تحقیق نے پہلی مرتبہ زندہ دماغ میں مخصوص عصبی خلیوں کی سرگرمی کو روشنی کے ذریعے براہ راست کنٹرول کرنا ممکن بنایا۔
سادہ الفاظ میں آپٹو جینیٹکس ایک ایسی تکنیک ہے جس کے ذریعے سائنس دان مخصوص دماغی خلیوں کو روشنی کی مدد سے فعال یا غیر فعال کرسکتے ہیں۔ اس سے محققین کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ دماغ کے مختلف خلیے جسم کے رویے اور مختلف بیماریوں میں کیا کردار ادا کرتے ہیں۔
نوبیل اسمبلی کے سیکریٹری جنرل تھامس پرل مین کے مطابق اس تکنیک نے دماغ اور اعصابی نظام کی تحقیق کے لیے ایک نیا راستہ کھول دیا ہے۔ نوبیل کمیٹی کی رکن اور جینیات کی پروفیسر اینا ویڈل نے بھی اسے نیورو سائنس میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا، تاہم ان کے مطابق اس شعبے میں ابھی بہت کچھ دریافت ہونا باقی ہے۔
دماغی بیماریوں کی تحقیق میں اہم پیش رفت
تینوں سائنس دانوں کی تحقیق اب مختلف دماغی بیماریوں کو سمجھنے کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔ محققین جانوروں پر تجربات کے ذریعے شیزوفرینیا، الزائمر، پارکنسنز، مرگی اور نشے کی عادت سمیت مختلف بیماریوں میں مخصوص عصبی خلیوں کے کردار کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کارل ڈائسراتھ نے آپٹو جینیٹکس کی مدد سے چوہوں کے موٹر کارٹیکس میں مخصوص عصبی خلیوں کو فعال کیا، جس کے نتیجے میں ان کے جسم کی مخصوص حرکات کو کنٹرول کرنا ممکن ہوا۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ معلوم ہوجائے کہ کسی بیماری کے دوران دماغ کے مخصوص خلیے کب اور کہاں فعال ہوتے ہیں تو بیماری کے بنیادی طریقہ کار کو سمجھنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ مستقبل میں اس تحقیق سے علاج کے نئے طریقے تلاش کرنے کی امید بھی کی جارہی ہے۔
نوبیل انعام کی رقم کتنی ہے؟
تینوں سائنس دانوں کو مجموعی طور پر 12 ملین سویڈش کرونا کی انعامی رقم دی جائے گی، جو تقریباً 12 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔ 2026 کے دیگر نوبیل انعامات کا اعلان بھی رواں ہفتے جاری رہے گا۔ فزکس کے انعام کا اعلان 6 اکتوبر، کیمسٹری کا 7 اکتوبر اور ادب کا 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔امن کے نوبیل انعام کا اعلان 9 اکتوبر جبکہ معاشیات کے انعام کا اعلان 12 اکتوبر کو ہوگا۔