گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک میں اگلے ایک سے تین گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے جبکہ ٹیکسلا، مری اور گلیات میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پشاورمیں پشاور شہر میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بھی بارش کا امکان ہے ، کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے ، محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
کہاں کہاں بادل برسے؟
خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں موسلادھار بارش اور مختلف مقامات پر ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔
لوئردیر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی اور دیگر مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
سردی کی لہر
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی ، بارش اورپہاڑوں پرہلکی برفباری کےباعث بالائی علاقوں میں موسم سردہوگیا، مظفر آبادشہراورگردونواح کے علاوہ وادی نیلم،وادی لیپہ اورکرناہ میں وقفے وقفے سےبارش ریکارڈکی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : اکتوبر میں سردی کی دستک یا بارشیں ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی


